نئی دہلی، 16 ؍ستمبر(ایس او نیوز؍پریس ریلیز)بہار سیلاب زدگان کے لیے روز اول سے کام کرنے والی تنظیم جمعےۃ علماء ہند،بہار سیلاب متاثرین کی راحت رسانی و بازآبادکاری میں سرگرم ہے ۔جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر سیمانچل اورشمالی دیناج پور میں بازآبادکاری کے تحت ہر ضلع کے دو دو گاؤں میں سردست مکانات کی تعمیر کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے ۔ وہیں ہنوز راحت رسانی اور ضرورت مندوں میں ساڑی وغیرہ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔ پچھلے چند دنوں میں بنار س اورمؤ سے آئی ہزاروں ساڑیاں خواتین میں تقسیم کی جاچکی ہیں ۔ اس سلسلے میں تفصیل بتاتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ ہمار ے وفد نے ان اضلاع کے کلکٹر سے بھی فرداً فرداً ملاقاتیں کی ہیں اور بازآبادکاری کو منظم کرنے کے لیے مساجد اور مکانوں کا سروے جاری ہے ۔ الحمدللہ کشن گنج ، جگ بونی مجگاؤں وغیرہ میں مکانات کی تعمیر کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ، لیکن بعض علاقوں کا ایسا دردناک منظر ہے کہ جسے تحریرکے دائرے میں نہیں لایا جاسکتا اور نہ ہی کوئی غیر سرکاری تنظیم کے لیے وہاں کام کرنا سہل ہے ۔اس کی مثال کشن گنج ضلع کا کمارمونی گاؤ ں ہے جہاں مکانات گڑھوں میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔آج جمعیۃ ریلیف کمیٹی کے اراکین نے مقامی ذمہ داروں کی معیت میں کشن گنج کے ڈی ایم پنکج دکشت سے ملاقات کی اور اس جانب توجہ دلاتے ہوئے ضروری اقدامات کی جانب متوجہ کیا جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے کشن گنج کے ڈی ایم نے افسران کی ایک ٹیم کے ساتھ کمارمونی پہنچے ، ان کے ساتھ جمعیۃ ریلیف کمیٹی کے رکن مفتی مناظر نعمانی قاسمی اور مفتی عبد الحنان قاسمی بھی تھے ۔ ضلع انتظامیہ نے حالات کاجائزہ لینے کے بعدجلد کام شروع کرنے کے احکامات جاری کیے جس سے کمارمونی کے باشندگان نے بڑی راحت کی سانس لی ۔ مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ خداکرے جلدمٹی ڈالنے کا کام مکمل ہوجائے تو جمعیۃ ریلیف کمیٹی یہاں بازآبادکاری کاکام شروع کرے گی۔ڈی ایم سے ملنے و الے وفد میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی،مفتی جاوید اقبال قاسمی ، مولاناغیاث الدین قاسمی، مولاناخالد انور، مفتی مناظر نعمانی قاسمی، مولانا معروف قاسمی اور مفتی عبد الحنان قاسمی شریک تھے ۔